ایک اخبار میں گزشتہ دنوں لندن میں افغانستان سے متعلق کانفرنس کے بعد کی ایک خبر کی شہہ سرخی پڑھی تو ایک عجیب سا سماں آنکھوں کے آگے بندھ گیا۔
سرخی تھی: 'پاکستان ان دی ڈرائیونگ سیٹ' جب اسے ذہن کی سکرین پر دیکھنے کی کوشش کی تو پہلے تو یہ سمجھ نہیں آئی کہ یہ گاڑی کون سی ہے جسے پاکستان ڈرائیو کر رہا ہے۔ پھر کچھ سوچا تو ڈرائیونگ سکھانے والے سکول کی گاڑی کا خیال ذہن میں آنے سے الجھن کم ہوئی۔ اگر کسی نے غور نہیں کیا تو اس گاڑی کے دو سٹیرنگ ہوتے ہیں۔ ایک سیکھنے والے کے پاس اور دوسرا اسے سکھانے والے کا۔ اس کے بعد کی وضاحت کی ضرورت نہیں رہی کہ سیاسی و فوجی قیادتوں میں سے کون کس سٹیرنگ پر بیٹھا ہے اور کون اس ملک کو کس سمت لیجانا چاہتا ہے۔ ایک کو عوامی مفادات پیارے ہیں تو دوسرے کو قومی مفادات۔ عام آدمی تاہم مشکل سے دوچار ہے کہ یہ دونوں ایک ہی چیز کے دو نام ہیں یا دو مختلف باتیں۔
خیر اس گاڑی کی حالت بھی سن لیں۔ بجلی، قدرتی گیس، آٹا اور چینی اس کے چار پہیے ہیں لیکن چاروں غائب ہیں یا پھر ان میں ہوا کم ہونے کی وجہ سے گاڑی کے انجن پر مزید بوجھ کا سبب ہیں۔ ویسے یہ گاڑی کم اور ٹرک زیادہ ہے۔ ایسے ٹرک جن کا ڈرائیور کیبن ہی ہے باقی کچھ نہیں۔ لہٰذا پیچھے بیٹھنے والے سولہ کروڑ عوام قدرتی ماحول کا مزا لے رہے ہیں۔ ٹرک ایسا کھچا کھچ بھرا ہوا کہ جیسے بنگلادیش میں تبلیغی اجتماع سے واپس لوٹنے والی ریل گاڑی۔ کبھی کوئی کھڈا آتا ہے تو ٹرک پر سے کئی مسافر نیچے گر جاتے ہیں۔ سڑک صرف ڈرائیوروں کو دکھائی دیتی ہے یا ان میں سے بھی محض ایک کو کسی حد تک واضح طور پر۔ باقی مسافر اللہ کے رحم و کرم پر ہیں۔ ان میں سے چند سر پھرے نوجوان ڈرائیور کیبن پر قبضہ کرنے کی کوشش میں مارے جا رہے ہیں اور اِدھر اُدھر پٹخے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب اس گاڑی پر باہر سے بھی بعض 'غیر ٹرکی' چھلانگ لگا کر چڑھ جاتے ہیں۔ انہیں اتارنا کسی کو قبول نہیں۔
ٹرک کا ایندھن کچھ امریکہ اور کچھ آئی ایم ایف کی مدد سے ڈالا جا رہا ہے۔ کچھ سڑک ٹیڑھی ہے، کچھ چڑھائی ہے اور کچھ ڈرائیور جان بوجھ کر یا انجانے میں گاڑی کو قابو میں نہیں رکھ پا رہے ہیں۔ ایسے میں لندن کانفرنس کے شرکاء نے مشورہ دیا ہے کہ افغانستان کی گاڑی کو بھی پیچھے باندھ لو اور شدت پسندی کی دلدل سے نکال دو۔
No comments:
Post a Comment